ہائی کورٹ کے ججز کا خط: چیف جسٹس اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات
اسلام آباد: عدالت عالیہ اسلام آباد کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے وزیراعظم شہباز شریف کی سپریم کورٹ میں ملاقات ہوئی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی، ملاقات کے بعد وزیراعظم سپریم کورٹ سے روانہ ہوگئے۔
چیف جسٹس نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی طرف سے لکھے گئے خط کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے پیغام بھجوایا تھا۔
ملاقات میں وزیراعظم کے ساتھ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان بھی شامل تھے۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصورعلی شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس بھی ہوا جو آج دوبارہ ہوگا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل نے بھی 5 اپریل کو ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں پاکستان بار کونسل موجودہ صورت حال پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔
ججز کے خط پر انکوائری کمیشن تشکیل کی درخواست بھی سپریم کورٹ میں دائر کی گئی، جس میں وفاقی حکومت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کو بھی فریق بنایا گیا۔