آخری ٹیسٹ: سعود کی سنچری سے پوزیشن مستحکم، انگلینڈ کے 24 رنز پر 3 آئوٹ
راولپنڈی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کُن ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے اپنی پوزیشن خاصی مستحکم کرلی ہے، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جب کہ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں انگلش ٹیم کے تین کھلاڑی محض 24 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 73 رنز پر 3 وکٹوں کے نقصان سے اننگز کا آغاز کیا تو 99 کے مجموعی اسکور پر کپتان شان مسعود کی مزاحمت اختتام پذیر ہوگئی وہ 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان 25، عامر جمال 14، سلمان آغا ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
آٹھویں وکٹ کی شراکت میں نعمان علی اور سعود شکیل نے 88 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، تاہم نعمان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نعمان علی کے بعد سعود شکیل 134 بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ زاہد محمود صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ ساجد خان 48 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے 4، شعیب بشیر نے 3، گس اٹکنسن نے دو اور جیک لیچ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ ٹیم نے دوسری اننگز میں بیٹنگ شروع کی، تاہم اوپنر بین ڈکٹ 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ زیک کرولی اور اولی پوپ بالترتیب 2 اور 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 53 رنز درکار ہیں۔ واضح رہے کہ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے ہرایا تھا جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے مات دی تھی۔