آزاد کشمیر میں بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں بڑی کمی

مظفر آباد: پیر کو وزیراعظم میاں شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے لیے 23 ارب روپے فوری فراہم کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد وہاں بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں بڑی اور واضح کمی کردی گئی۔
آزاد جموں و کشمیر محکمہ توانائی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ گھریلو استعمال کی بجلی کے لیے ایک سے 100 یونٹ تک بجلی کی قیمت 3 روپے فی یونٹ ہوگی۔ 101 سے 300 یونٹ تک 5 روپے جب کہ 300 سے زیادہ یونٹس کے استعمال پر 6 روپے فی یونٹ ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمرشل استعمال پر 300 یونٹ استعمال پر بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے ہوگی۔ 300 سے زائد یونٹس کے استعمال پر فی یونٹ بجلی کی قیمت 15 روپے ہوگی۔
بعدازاں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کابینہ ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سستی بجلی اور سستی روٹی کے مطالبات کو کوئی ذی شعور انکار نہیں کرسکتا، وزیراعظم پاکستان نے معاشی مشکلات اور تحفظات کے باوجود فوری بجلی اور گندم پر سبسڈی کے نوٹیفکیشن جاری کردیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے آٹے کا ریٹ 3100 روپے فی من تھا، جس پر 1100 روپے سبسڈی دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں نئی قیمت 2 ہزار روپے من ہوگئی، اس سے قومی خزانے پر 23 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا، جس کو وزیراعظم نے خوش دلی سے منظور کیا، ان معاملات کو حل کرنے کے لیے فوج کے سربراہ نے اہم کردار ادا کیا۔
آزاد کشمیر میں 40 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے اور ایک کلو آٹا 50 روپے کا ہوگیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔