کُرم معاملہ: گرینڈ جرگے میں امن معاہدہ طے، فریقین کے دستخط
کوہاٹ: کُرم کے معاملے پر کوہاٹ گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردیے۔
کوہاٹ میں ضلع کُرم کی صورت حال پر جاری گرینڈ جرگہ ختم ہوگیا ہے اور فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
جرگہ رکن ملک ثواب خان نے تصدیق کی کہ امن معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، فریقین کی جانب سے 45، 45 افراد نے دستخط کیے ہیں، فریقین 14 نکات پر مشتمل معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں، معاہدے کے تحت فریقین کے درمیان سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے، فریقین مورچے ختم اور اسلحہ جمع کرائیں گے۔
جرگہ رکن کا کہنا ہے کہ راستے کھولنے اور قیام امن کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے، معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حکومت کے حوالے کیا جائے گا، امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
معاہدے کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائے گا، فریقین کی جانب سے بنائے گئے مورچے ختم کیے جائیں گے۔
کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہے کہ کُرم مذاکرات فریقین کے درمیان کامیاب ہوگئے ہیں، تین دستخط رہتے ہیں، باقی دستخط ہوگئے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جرگہ رکن ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ سڑکیں کھولنے سے متعلق حکومت فیصلہ کرے گی، کرم میں حالات معمول پر آنے میں کچھ وقت لگے گا، ایک دو مہینے میں حالات بہتر ہوجائیں گے۔
ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ اہل تشیع کی جانب سے انجمن حسینیہ کی سربراہی میں ارکان نے معاہدے پر دستخط کیے جب کہ اہل سنت کی جانب سے انجمن فاروقیہ کی سربراہی میں ارکان نے دستخط کیے۔