پختونخوا انتخابات کی تاریخ کیلیے پی ٹی آئی کا عدالت عظمیٰ سے رجوع

اسلام آباد: خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے لیے پی ٹی آئی نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرلیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن اور گورنر خیبر پختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ گورنر کے پی یکم مارچ کے عدالتی حکم پر عمل نہیں کررہے۔ گورنر کے پی نے میڈیا پر 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا بعد میں مُکر گئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے مطابق 90 دن میں انتخابات ضروری ہیں۔ گورنر کے پی عدالتی حکم کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ، گورنر کے پی کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے اور 90 دن کی مدت کے قریب ترین تاریخ دینے کی ہدایت کی جائے۔
پی ٹی آئی کی درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو تاریخ ملتے ہی فوری انتخابی شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی جائے۔ تمام وفاقی و صوبائی اداروں کو انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کا حکم دیا جائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔