میرے معیار کے مطابق آج تک شادی کے لیے لڑکا نہیں ملا، کومل عزیز
کراچی: اداکارہ کومل عزیز نے شوہر کے حوالے سے اپنی اونچی ترجیحات کو اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ قرار دیا ہے۔
کومل عزیز نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا ماننا ہے شادی ہونی چاہیے لیکن میں نے ابھی تک شادی اس لیے نہیں کہ میرا معیار بہت اونچا ہے اور مجھے ابھی تک ایسا لڑکا نہیں ملا۔
کومل عزیز کا کہنا تھا کہ میرا شوہر ایک ایسا شخص ہونا چاہیے جو اپنی ذات کے لیے سچا ہو، کیوں کہ جو انسان اپنی ذات کے لیے سچا ہوگا وہ نڈر بھی ہوگا، مجھ سے شادی کرنے والا شخص بہادر ہو، خطرات مول لینے والا ہو، میں مثالی طور پر ایک کاروباری شخص سے شادی کو ترجیح دیتی ہوں، مردوں کے حقوق کو سپورٹ کرتا ہو، کیوں کہ میں بھی ذاتی طور پر عورتوں کے حقوق کو سپورٹ کرتی ہوں۔
کومل عزیز نے شوہر کیلئے رکھی جانے والی ترجیحات سے متعلق بتایا کہ میرے شوہر کے لیے پورا لڑکا ہونا بہت ضروری ہے، بالکل ایسے ہی جیسے میں پوری لڑکی ہوں۔
پورے لڑکے ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے کومل عزیز نے کہا کہ آج کل جیسے آدھے آدھے لڑکے ادھر ادھر پھر رہے ہیں ایسا نہ ہو۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرا شوہر مجھ سے زیادہ کامیاب، پڑھا لکھا ہو، کیوں کہ شادی ایک احترام کا رشتہ ہے اور میں بھی چاہتی ہوں کہ میں بھی اپنے شوہر کی عزت کروں لہٰذا وہ اتنا کامیاب اور پڑھا لکھا ہونا چاہیے، میں ان کی عزت کرسکوں، ان کی بات آسانی سے مان سکوں، اگر وہ ان باتوں میں کم ہوا تو شاید میں ان کی اس طرح عزت نہ کرپاؤں، جس طرح شوہر کی عزت کی جانی چاہیے۔