کوہاٹ: برساتی پانی گھر میں داخل، ایک ہی گھرانے کے 11 افراد ڈوب کر جاں بحق

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، کوہاٹ میں بارش کا پانی گھر میں داخل ہونے سے پورا خاندان ڈوب گیا، جس میں خواتین و بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کوہاٹ میں درہ آدم خیل اولڈ بازید خیل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بارش کا پانی گھر کے تہہ خانے میں داخل ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق گھر کے تہہ خانے میں موجود ایک ہی خاندان کے افراد سیلابی پانی میں ڈوب گئے۔ اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، ابتدائی طور پر ایک بچی لاپتا تھی، تاہم بعد ازاں اسے بھی تلاش کرلیا گیا۔
افسوس ناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 بتائی جاتی ہے، جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق امجد نامی شخص کے گھر کے تہہ خانے میں بارش کا پانی داخل ہوا اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے گھر کے تمام افراد پھنس گئے، جن میں 3 خواتین اور 6 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد شامل تھے۔ ایمرجنسی کی اطلاع کنٹرول کو موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور ڈیزاسٹر ٹیم نے بروقت رسپانس کیا اور تمام افراد کی لاشوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
دریں اثنا گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم نے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔