خیبر پختونخوا: فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز، 24 دہشت گرد مارے گئے
راولپنڈی: خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 4 اور 5 فروری کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 خوارج کو مؤثر طریقے سے ہلاک کردیا گیا۔
علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں، تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بلاتعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختون خوا میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔
محسن نقوی نے 24 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔