افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی ناکام، 5 خودکُش حملہ آور پکڑے گئے

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 مبینہ خودکُش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کو ناکام بنادیا۔ 17 جولائی کی شام 5 بجے خوارج نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی 5 مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شام 6 بج کر 25 منٹ پر خوارج سرحد سے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے اور دراندازی کے بعد انہوں نے عزیز خیل اور منڈی خیل کی سمت پیش قدمی کی۔
سیکیورٹی فورسز کی موجودگی کے باعث خوارج نے بیسی خیل کی مسجد میں پناہ لے لی، جس پر فورسز نے فوری مسجد کا محاصرہ کرلیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز کی بہترین حکمت عملی کے باعث خوارج نے ہتھیار ڈال دیے۔
گرفتار کیے گئے تمام خوارج افغان شہری ہیں، جن میں سے 3 کے پاس افغان شناختی کارڈ بھی موجود ہیں۔ گرفتار افراد کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔ تمام خوارج کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام نے سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری کرتے ہوئے سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ خوارج پاک افغان سرحد سے دراندازی کررہے تھے۔ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے 25 سے 27 اپریل 2025 کے دوران کامیاب آپریشن میں 71 خوارج ہلاک کیے۔
اسی طرح 4جولائی 2025 کو بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی پاک افغان سرحد کوشش کے دوران 30 خوارج جہنم واصل ہوئے تھے۔ 23 مارچ 2025 کو بھی افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش میں 16 خوارج جہنم واصل کیے گئے تھے۔
پاک افغان سرحد سے دراندازی سے لے کر پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے تک فتنۃ الخوارج کو بھارت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔