خیرپور: منکی پاکس وبا پھیلنے کا خدشہ، بچوں میں وائرس کی تصدیق
خیرپور: سندھ کے ضلع خیرپور میں بچوں میں منکی پاکس وبا کی تصدیق کردی گئی ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق سندھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری نے ہفتے کو 3 بچوں میں منکی پاکس مرض کی تصدیق کردی ہے۔ ضلع خیرپور کے بچوں میں یہ وبا گذشتہ 12 دن سے جاری ہے۔
حیرت کہ ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ نے بھی منکی پاکس وبا کے بجائے بچوں میں اسکن کی بیماری کے حوالے سے 24 مارچ کو خیرپور کے ضلعی افسران کو لیٹر لکھا تھا، جس میں بچوں میں اسکن بیکٹیریا مرض ظاہر کیا گیا تھا، لیکن جب متاثرہ بچوں کے حاصل کردہ نمونوں کو کراچی اوجھا میں واقع سندھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا تو 3 چھوٹے بچوں میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی۔
منکی پاکس کا مرض ایک سے دوسرے بچوں میں باآسانی منتقل ہوتا ہے، جس کی وجہ سے اس بات کا خدشہ ہورہا ہے کہ یہ مرض مزید پھیل نہ جائے۔ متاثرہ بچوں کی عمر ایک سال سے بھی کم ہیں۔
خیرپور ضلع میں گزشتہ ماہ بچوں کے جسم پر چکن پاکس کی طرح دانے نمایاں ابھرنے پر ان بچوں کو خیرپور کے ایک نجی اسپتال لایا گیا، جہاں ان بچوں کی غلط تشخیص کی گئی اور علاج بھی جاری رکھا، لیکن بچوں کی حالت مزید خراب ہونے پر ضلعی ہیلتھ افسران کو آگاہ کیا گیا۔
بیشتر بچوں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہونے پر محکمۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ کو مطلع کیا گیا، جس پر ڈائریکٹر جنرل صحت نے مرض کی درست تشخیص کرنے کے بجائے بچوں میں اسکن بیماری قرار دے کر متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو 24 مارچ کو ایک لیٹر کے ذریعے ہدایت جاری کردی کہ بچوں میں اسکن بیماری پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
لیکن بچوں کی حالت بدستور تشویش ناک ہونے پر متاثرہ بچوں کے دانوں کے نمونے لے کراچی میں واقع ڈاؤ یونیورسٹی اوجھاکیمپس کی سندھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری بھیجے گئے، جہاں ہفتے 4 اپریل کو ان بچوں میں منکی پاکس کی تصدیق کی گئی۔
اس صورت حال کے بعد ضلع خیرپور میں منکی پاکس وبا کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔