وزیراعظم نے کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
کراچی: وزیراعظم نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعظم عمران خان سے پارٹی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کی۔
دورہ کراچی کے دوران وزیراعظم کو سندھ میں پارٹی امور اور ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان سے مختلف مسالک کے علمائے کرام بھی ملاقات کریں گے۔
قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے کراچی میں ٹرانسپورٹ مسائل کے حل کے لیے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سرکلر ریلوے کے لیے بغیر پھاٹک نیا ٹریک بچھایا جائے گا اور ہر 6 منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی۔ اس منصوبے سے یومیہ 3 سے 5 لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے کا امکان ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کراچی کوسٹل ڈیولپمنٹ زون کی سی پیک میں شمولیت پر وزارت بحری امور کو شاباش دی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کوسٹل ڈیولپمنٹ زون ایک گیم چینجر منصوبہ ہے، یہ منصوبہ کراچی کو دیگر ترقی یافتہ شہروں کی صف میں شامل کرے گا، اس سے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے، ماہی گیروں کے لیے ساحل سمندر صاف ہوگا اور کم آمدن والے افراد کے 20 ہزار نئے گھر بنیں گے۔