کراچی ٹرانسفورمیشن منصوبہ، کامیابی کیلیے موثر نظام تشکیل دیا جائے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نے وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کراچی ٹرانسفورمیشن منصوبے کی کامیابی کے لیے بااختیار اور موثر نظام تشکیل دیا جائے۔
اسلام آباد میں وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت “کراچی ٹرانسفورمیشن پلان” کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء اسد عمر، شبلی فراز، امین الحق، علی زیدی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل شریک تھے، اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس کے دوران عمران خان نے کہا کہ کراچی کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مسائل درپیش ہیں، بدقسمتی سے ماضی میں ان مسائل کے مستقل بنیادوں پر حل کو نظرانداز کیا جاتا رہا، حالیہ بارشوں نے کراچی کے عوام کو مسائل سے دوچار کیا، جس کا وفاقی حکومت کو مکمل ادراک ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منتقسم ہونا رہا ہے، واٹر سپلائی اسکیم، سیوریج ٹریٹمنٹ اینڈ ڈسپوزل، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلق اختیارات ایڈمنسٹریٹر لوکل گورنمنٹ کو تفویض کیے جائیں، کراچی ٹرانسفورمیشن منصوبے کی کامیابی کے لیے بااختیار موثر نظام تشکیل دیا جائے، کراچی ٹرانسفورمیشن پلان کے تحت مختلف منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
دوسری طرف وزیراعظم کے دورۂ کراچی کا شیڈول بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور اب وہ ہفتے کو کراچی کا دورہ کریں گے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان شہر قائد کی روشنیاں اور رونقیں بحال کرنے کے پختہ عزم پر کاربند ہیں۔ وزیراعظم پورے پاکستان کو یکساں انداز میں ترقی دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم کراچی میں عوام کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ کراچی کی ترقی پاکستان کی خوش حالی کی ضمانت ہے۔ کراچی پاکستان کا معاشی دل ہے۔