کراچی ٹیسٹ: جنوبی افریقا کے 4 وکٹ پر 187 رنز!
کراچی: کراچی ٹیسٹ میں اپنی دوسری اننگز میں جنوبی افریقا نے پاکستان کی 158 رنز کی برتری ختم کرتے ہوئے 4 وکٹ کے نقصان پر 187 رنز بنالیے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 220 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم فواد عالم کی سنچری کی بدولت 378 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور یوں میزبان ٹیم کو 158 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا۔ ایلگر 29 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کا شکار بن گئے، جس کے بعد مارکرم اور وین ڈیر ڈاسن نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔ بابراعظم نے یاسر شاہ کی بولنگ پر مارکرم کا 27 رنز پر کیچ ڈراپ کرکے نئی زندگی دی۔
وین ڈیر ڈاسن اور مارکرم نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 127 رنز کی اہم شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، تاہم یاسر شاہ نے اس شراکت کا خاتمہ کرتے ہوئے ڈاسن کو 64 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
تیسرے روز کے اختتام میں صرف 4 اوورز باقی تھے، فاف ڈوپلیسی کو 10 رنز پر یاسر شاہ نے اپنا شکار بنایا جب کہ اگلے ہی اوور میں سیٹ بلے باز مارکرم 74 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد نعمان علی کا شکار بن گئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تیسرے روز پاکستان نے 8 وکٹ کے نقصان پر 308 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، حسن علی 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین نعمان علی تھے جو 24 رنز بناکر مہاراج کا شکار بنے۔ یاسر شاہ 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشیو مہاراج نے 3،3 جب کہ لنکی نگیدی اور اینرچ نورجے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔