دھرنے کے خاتمے سے متعلق کراچی پولیس چیف کا بیان، ترجمان کی وضاحت
کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر میں آج رات تک دھرنے ختم نہ ہوئے تو قانون کے مطابق سڑکیں خالی کرائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں، کراچی کے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جو نہیں ہٹے گا اس کو قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم رات تک ان سے مذاکرات کرتے رہے ہیں، مذہبی جماعت کے علماء نے بھی کہا ہے کہ سڑک بند نہیں ہونی چاہیے، پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، کراچی کے شہریوں کو ریلیف دیں گے، تین دن سے انہوں نے بہت بھگتا ہے۔
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کسی نے سڑک بند کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے، ہم یہ واضع پیغام دیتے ہیں کہ ہمیں ہدایات ملی ہیں، اب تک ہم نرمی کے ساتھ بات کرتے رہے ہیں، افسران کو ہدایات دے دی ہیں اب ہم سختی کریں گے۔
دوسری جانب کراچی پولیس ترجمان نے دھرنوں کے حوالے سے اپنے چیف کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ دھرنے ختم نہیں کروائے جائیں گے۔
ترجمان کراچی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا دھرنے ختم کروانے کا سوشل میڈیا پر زیر گردش حکم درست نہیں اور اُن کے بیان کو دھرنوں کے خاتمے سے جوڑنا بے بنیاد اور غلط فہمی کا شاحسانہ ہے۔
ترجمان پولیس نے وضاحت کی کہ پولیس چیف کے کہنے کا مقصد دھرنوں کا خاتمہ نہیں بلکہ دھرنوں کا ایسا انتظام تھا جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔