کراچی میں ایک اور ضلع بنانے کی منظوری
کراچی: سندھ کابینہ نے کراچی میں کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکریٹری اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ نے کہا کہ 28 اگست کو لوکل گورنمنٹ کی مدت ختم ہورہی ہے، سندھ میں مقامی حکومتیں اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہیں، باقی کسی اور صوبے میں مقامی حکومتوں نے اپنی مدت پوری نہیں کی، ہم جمہوریت پسند ہیں اوراس کو مضبوط کرنے کے لیے کام کرتے رہیں گے، مقامی حکومتوں کا چلنا سندھ حکومت کی جمہوریت پسندی ہے، میئر کراچی کو جیل سے کام کرنے کی اجازت دی اور ان کے ساتھ تعاون کیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ ارکان کو اسلام آباد میں ہونے والے مشاورتی اجلاس پر بھی اعتماد میں لیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق سندھ کابینہ نے کراچی میں کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دیتے ہوئے تمام اضلاع کا تخمینہ کرکے نئے اضلاع کی حد بندی کی تجویز پیش کرنے کی ہدایت دے دی۔
کراچی کا ضلع غربی آبادی کے لحاظ سے پورے سندھ میں سب سے بڑا ضلع ہے۔ اس کی کل آبادی 39 لاکھ 14 ہزار 757 ہے۔ ضلع غربی میں 7 سب ڈویژنزہیں۔ کیماڑی ضلع میں سائٹ، بلدیہ، فش ہاربر اور ماڑی پور کے علاقے شامل ہوں گے۔
ترجمان وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ وزراء نے خیرپور کو بھی 2 ڈسٹرکٹس میں تقسیم کرنے کی تجویز دی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ضلع جنوبی کو ڈسٹرکٹ کراچی کا نام دیا جائے، اس طرح کراچی کے اضلاع کو وہاں کے مشہور ایریاز کے نام دیے جائیں اور یہ میری رائے ہے، اس پر ہمیں تجاویز دی جائیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں 6 اضلاع شرقی، غربی، وسطی، جنوبی، ملیراور کورنگی ہیں، کیماڑی ضلع کے قیام کے بعد شہر کے کل اضلاع کی تعداد 7 ہوجائے گی۔