کراچی کو اس کے حقوق دیے جائیں، مصطفیٰ کمال
کراچی: سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ شہر قائد کو اس کے حقوق دیے جائیں، نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہونے تک مسائل حل نہیں ہوں گے۔
پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، سنا ہے وزیراعظم کراچی آرہے ہیں، کراچی آج کل پورے پاکستان کی نظروں میں ہے، وزیراعظم کراچی کے لیے صرف پیکیج کا اعلان نہ کریں، پیکیج سے شہر کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا جاسکتا، سب کے مل بیٹھنے سے امید ہے کراچی کے مسائل کا حل نکلے گا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کراچی کو 18 ٹاؤنز اور ایک ڈسٹرکٹ میں دوبارہ بحال کیا جائے، کراچی کو اس کے حقوق دیے جائیں، بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات اور فنڈز دیے جائیں، این ایف سی کے سارے پیسے وزیراعلیٰ لے کر بیٹھ جاتے ہیں، فنڈز نچلی سطح تک نہیں پہنچائے جاتے۔