کراچی، اتوار کو موسلادھار بارش کی پیش گوئی!
کراچی: شہر قائد میں مون سون کا تیسرا اسپیل آج ہفتہ سے شروع ہوچکا، محکمہ موسمیات نے اتوار کو شہر میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔ بارش برسانے والا سسٹم شہر میں موجود ہے۔ آج ہفتہ 25 جولائی سے مون سون کا تیسرا اسپیل شروع ہوچکا۔ ہلکی اور معتدل بارشیں ہوسکتی ہیں۔
سردار سرفراز ڈائریکٹر میٹ کا مزید بتانا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر بھی ہلکی بارشوں کی توقع ہے۔ کسی علاقے میں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگی۔ خیال رہے کہ کراچی میں ہلکی بارش کا سلسلہ ہفتہ 25 جولائی کو صبح سے شروع ہوا ہے۔
دوسری جانب ہفتہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور وسطی، زیریں بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ 21، بنوں 02 اور مظفر آباد میں 06 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق نوکنڈی، دادو 45 اور دالبندین میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد 27 ڈگری، لاہور اور پشاور 29، کراچی 31، کوئٹہ 24، گلگت اور مری 17 جبکہ مظفرآباد میں 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔