کراچی: عدالت کا گداگروں کے خلاف کارروائی کا حکم

کراچی: خاتون کی شکایت پر مقامی عدالت نے گداگروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
کراچی کے ایڈیشنل سیشن جج غربی نے شہر کی شاہراہوں اور ٹریفک سگنلز پر گداگروں کی بھرمار کے خلاف کیس کی سماعت کی، جس میں عدالت نے شہر بھر میں سگنلز پر موجود گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ گداگروں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔
ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ گداگری کو کاروباری نیٹ ورک بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، عدالتی حکم پر شہر بھر میں گداگری کے خلاف کارروائی کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے جب کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کی ذمے داری کراچی پولیس چیف سمیت، ڈی آئی جی شرقی اور غربی زون کی ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ تمام افسران عدالتی حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی اس حوالے سے فوکل پرسن کی تقرری اورکارروائی کی رپورٹ ہر ماہ پیش کریں، گداگری کے خلاف قائم ادارے کو فعال بنایا جائے۔
عدالت نے ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو ہدایت دی کہ بچوں سے گداگری روکنے کے لیے پولیس سے تعاون کیا جائے، کارروائی کے لیے پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو، محکمہ سوشل ویلفیئر سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ معاشی مجبوری سمیت ہیومن ٹریفکنگ جیسی گداگری کی وجوہ کو بھی ختم کیا جائے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔