کراچی کےعلاقے اورنگی ٹاؤن میں چھت گر گئی، ماں اور3 بچے جاں بحق
کراچی کے ضلع غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ کراچی سہائے عزیز کے مطابق واقعہ بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے حادثاتی طور پر قصبہ کالونی کی آبادی ایم پی آر کالونی کی گلی نمبر 15 میں پیش آیا۔
ایس ایس پی سہائے عزیز کے مطابق گزشتہ رات ہونے والی بارش کا پانی آبادی میں جمع ہو گیا اور مبینہ طور پر پانی اس مکان میں بھی داخل ہو گیا تھا۔
پانی گھر میں داخل ہونے کے باعث گھر کا مالک رسول سعید اور دیگر اہلِ خانہ گھر سے باہر نکل آئے تاہم خاتون نصیب حوا اور اس کے بچے کمرے میں سوتے رہے کہ اس دوران یہ مکان منہدم ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ صبح سویرے پیش آیا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے منہدم ہونے والے مکان کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ملبے سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں جو گھر میں رہائش پذیر خاتون نصیب حوا اور ان کے 3 بچوں کی ہیں۔
ایس ایس پی سہائے عزیز کے مطابق ملبے میں سے 10 سالہ بچے کو زخمی حالت میں بھی نکالا گیا ہے۔
چاروں میتوں اور زخمی بچے کو ایمبولینسز کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے