پی ٹی وی کی پہلی خاتون اناؤنسرکنول نصیر انتقال کر گئیں!
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی وژن کی پہلی خاتون اناؤنسر کنول نصیر انتقال کرگئیں۔
پی ٹی وی کی پہلی خاتون اناؤنسر دل کا دورہ پڑنے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئیں۔
تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق کنول نصیر ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھیں اور گزشتہ چند روز سے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
کنول نصیر گذشتہ 5 دہائیوں سے زائد عرصے تک پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے ساتھ وابستہ رہیں.
انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
کنول نصیر نے 26 نومبر 1964 کو پی ٹی وی کے قیام کے وقت پہلی اناؤنسمنٹ کی تھی اور ٹی وی اسکرین پر پہلی بار ’میرا نام کنول ہے اور آج پاکستان میں ٹیلی وژن آ گیا ہے، آپ کو مبارک ہو‘ کے الفاظ بھی کنول نصیر نے ادا کیے۔
کنول نصیر نے سترہ سال کی عمر سے ٹی وی میں کام کرنا شروع کیا تھا۔
دوسری طرف وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ کنول نصیر انتقال کر گئیں، اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔