والدین میں طلاق کے بعد والد چھوڑ کر چلے گئے تھے، کنول آفتاب
لاہور: معروف ٹک ٹاکر کنول آفتاب نے اپنے والد کے بارے میں بڑا انکشاف کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
حال ہی میں ٹک ٹاکر جوڑے ذوالقرنین سکندر اور کنول آفتاب نے اپنے یوٹیوب چینل پر نیا وی لاگ اپ لوڈ کیا، جس میں اس جوڑے نے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیے۔
انہی سوالوں میں سے ایک سوال کنول آفتاب کے والد سے متعلق تھا، جس پر ٹک ٹاکر نے کہا کہ میں کبھی اپنے والد کے بارے میں بات نہیں کرتی، کیونکہ میں اپنے والد کے ذکر پر جذباتی ہوجاتی ہوں۔
کنول آفتاب نے کہا کہ ہر انسان کے لیے فیملی کا موضوع بہت حساس ہوتا ہے اور اگر کسی کی فیملی میں کوئی حادثہ ہوجائے تو اُس پر بات کرنا آسان نہیں ہوتا۔
کنول نے کہا کہ میں جب تیسری جماعت میں تھی تو میرے والدین کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، میرے والد ہمیں نانی کے گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے اور پھر کبھی لوٹ کر نہیں آئے۔
اُنہوں نے کہا کہ والدہ سے علیحدگی کے بعد والد نے میرے اسکول کی فیس بھی ادا نہیں کی تھی، جس کی وجہ سے مجھے اسکول سے نکال دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بے شک! میرے والدین کی آپس میں نہیں بن سکی، لیکن میری والدہ اور میرے ماموں وغیرہ نے کبھی مجھے اپنے والد سے ملنے نہیں روکا۔
کنول نے مزید کہا کہ میں اپنے والد سے ملاقات کرتی ہوں، لیکن میرے والد کو سوشل میڈیا پر آنا پسند نہیں، اسی وجہ سے وہ کبھی میری ویڈیوز میں نہیں آئے۔
خیال رہے کہ 2021 میں کنول آفتاب نے ساتھی ٹک ٹاکر ذوالقرنین سکندر سے نکاح کیا تھا، 2022 میں کنول آفتاب کی رخصتی ہوئی تھی جبکہ گزشتہ سال ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔