اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے
عمان: شاہ اُردن کے بڑے صاحبزادے اور ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ اور سعودی خاتون رجوہ السیف رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے۔
ولی عہد اور رجوہ السیف کا نکاح ڈاکٹر احمد الخلیلی نے پڑھایا اور شادی کے بعد رجوہ السیف اردن کی شہزادی بن گئی ہیں اور جب ولی عہد تخت سنبھالیں گے تو وہ ملکہ بن جائیں گی۔
نکاح کی تقریب میں برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن، امریکا کی خاتون اول جِل بائیڈن، قطر کی شیخہ موزہ بنت ناصر، ملائیشیا کے شاہ اور ملکہ، نیدرلینڈز کا شاہی خاندان، لیگسمبرگ کے شہزادہ سیباسچیئن، ڈنمارک کے ولی عہد، سویڈن کی شہزادی وکٹوریا اور شہزادہ ڈینیئل، ناورے اور جاپان کے شاہی خاندان بھی موجود تھے۔
شادی کی تقریب قصر زھران میں ہوئی اور اسی محل میں ولی عہد کے والدین شاہ عبداللہ دوم اور ملکہ رانیہ کی شادی 1993 میں ہوئی تھی۔
رجوہ السیف رولز رائس فینتم میں شاہی محل پہنچیں اور دولہا اور دلہن کی آمد کا اعلان اردن کی مسلح افواج کے میوزیکل بینڈ کی جانب سے کیا گیا۔