عمران خان پر حملے کے ملزم سے جے آئی ٹی کی تفتیش
وزیرآباد: پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں کنٹینر پر موجود عمران خان پر فائرنگ کے ملزم نے جے آئی ٹی کو حملے سے متعلق تفصیلات بتادیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے ملزم نوید سے تفتیش شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق حملے کے محرکات سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دعوے اور ملزم کے بیان میں تضاد ہے۔
ملزم نوید نے جے آئی ٹی کو دیے گئے بیان میں کہا کہ میں نے اکیلے ہی حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ کنٹینر کے آگے پولیس نہ ہونے سے سامنے آکر فائرنگ کی۔ اس کے بعد کنٹینر سے دائیں گلی میں فرار ہونا چاہتا تھا، لیکن پکڑا گیا۔
جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو ملزم نے بتایا کہ میرا کسی بھی سیاسی یا دینی جماعت سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی مجھے کسی نے حملہ کرنے کو کہا تھا۔ ملزم کے مطابق وہ 2 گھنٹے تک حملے کے لیے انتظار کرتا رہا۔