100 بچوں کے قاتل جاوید اقبال کی زندگی پر مبنی فلم!

کراچی: سو بچوں کے قاتل پر بننے والی فلم ‘جاوید اقبال: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف اے سیریل کلر’ کا پوسٹرجاری کردیا گیا، اداکار یاسر حسین مرکزی کردار ادا کررہے ہیں اور اُن کے میک اورر نے سوشل میڈیا صارفین کو حیرت زدہ کردیا۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے جاوید اقبال نے 1999 میں پولیس کے سامنے خود 100 بچوں کے قتل کا اعتراف کرکے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
فلم کے لکھاری اور ہدایت کار ابوعلیحہ نے ٹویٹر پر لکھا، سیریل کلر جاوید اقبال کی پہلی جھلک حاضر ہے۔ یاسر حسین کتنا منجھا ہوا اداکار ہے۔ فلم دیکھ کر آپ کو ادراک ہوجائے گا۔
سوشل میڈیا صارفین نے گیٹ اپ کی حد درجہ مہارت کو بے حد سراہتے ہوئے تعریفی تبصروں میں فلم جلد دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔


فلم کے ہدایت کار کے مطابق جاوید اقبال کا کردار انتہائی منفی ہے جب کہ یاسر حقیقی زندگی میں بہت ہی مثبت آدمی ہے اور میں اس فلم کو خاص بنانے کے لیے یاسر کا شکر گزار ہوں۔
امکان ہے کہ فلم کی شوٹنگ نومبر2021 سے پہلے مکمل کرلی جائے گی جب کہ ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان سینما گھر دوبارہ کھلنے پر کیا جائے گا۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے جاوید اقبال نے 30 دسمبر 1999 کو ایک اردو روزنامہ کے دفتر میں جاکر 100 بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے ہتھیار ڈالے تھے۔ اس نے اپنے گھناؤنے جرائم کی تفصیلات حکام کو ثبوتوں سمیت پیش کیں جن میں متاثرین کی تصاویر بھی شامل تھیں۔ تلاشی لینے پراس کے گھر سے بچوں کے کپڑے اور جوتے برآمد ہوئے جب کہ معصوم بچوں کی لاش کو وہ تیزاب کے ڈرم میں ٹھکانے لگاتا تھا۔
جاوید اقبال گرفتاری کے 2 سال بعد اکتوبر2001 میں جیل میں ساتھی سمیت مردہ پایا گیا تھا۔
اس سے قبل 16 مارچ 2000 کو عدالت نے جاوید اقبال کو 100 بار سزائے موت کا حکم دیتے ہوئے فیصلہ سنایاتھا کہ مجرم اور اس کے ساتھی کو بچوں کے ورثا کے سامنے اسی زنجیر سے پھانسی دی جائے جس سے وہ بچوں کا گلا گھونٹتا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔