دھرنے اور جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، شاہ محمود
اسلام آباد: شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم رہنما جذباتی ہوگئے ہیں، ان کے استعفوں سے جمہوریت کو فائدہ نہیں ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ دھرنے اور جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، 1970 کے بعد جتنے بھی الیکشن ہوئے ہارنے والوں نے تسلیم نہیں کیے، 2018 کے الیکشن نتائج آپ کو قبول نہیں تو 2013 کے نتائج بھی کسی نے تسلیم نہیں کیے تھے، پی ڈی ایم رہنما جذباتی ہوگئے ہیں، ان کے استعفوں سے جمہوریت کو فائدہ نہیں ہوگا۔ پی ڈی ایم آئینی راستہ اختیار نہیں کررہی۔
شاہ مٓحمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کورونا کی وبا سے دوچار ہے، کورونا کی دوسری لہر بہت خطرناک ہے، اس وبا سے ہلاکتیں بڑھتی جارہی ہیں۔
بھارت میں کسانوں کے جاری احتجاج پر وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں سیکولر ریاست چہرہ اب نہیں رہا، کسانوں کے احتجاج سے بھارت کو کافی نقصان ہورہا ہے لیکن بھارت میں کسانوں کا احتجاج اس کا اندرونی معاملہ ہے، ہمیں اس میں نہیں کودنا چاہیے۔