پی ٹی آئی کے30 سے زائد ارکان ترین کی حمایت میں استعفے دینے کو تیار

نیب کے زیر اثر آجانے والے سیاسی رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر حکمران جماعت پی ٹی آئی کے 30 سے زائد ارکان پہنچے۔ ان تمام ارکان اسمبلی نے جہانگیر ترین کی حمایت میں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور بعض وزراءنے ایک میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں شریک تیس سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک ارکان نے جہانگیر ترین کی حمایت میں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی پیشکش کی، تاہم اس پیش کش کو جہانگیر ترین نے مسترد کردیا۔ ارکان نے تجویز پیش کی کہ اگر ناانصافیاں جاری رہیں تو استعفے کا آپشن استعمال کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکا نے پی ٹی آئی کے مزید ارکان اسمبلی سے بھی رابطوں کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ ان ارکان نے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا تھا، وزیراعظم سیکریٹیریٹ کی جانب سے اس خط کا جواب تاحال نہیں دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے خط کا جواب موصول نہ ہونے پر ارکان نے حتمی لائحہ طے کرنے لیے اکیس اپریل کو ایک اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ اجلاس بھی جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو خط لکھے جانے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں مزید نئے ارکان اسمبلی کی شمولیت بھی متوقع ہے. اجلاس کے بعد جہانگیر ترین اجلاس کے شرکا کو افطار ڈنر دیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔