عید سے قبل فلسطینیوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، اسرائیلی بمباری سے 28 فلسطینی شہید
اسرائیل نے غزہ میں قیامت ڈھادی۔ عید سے قبل نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے کم از کم 28 فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی طیاروں نے غزہ پر 130 حملے کیے، جن میں کئی رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ دھماکوں سے غزہ بھر میں خوف پھیل گیا ور لوگ جان بچانے کے لیے بھاگتے نظر آئے۔
ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 28 ہوگئی، جن میں 10 بچے بھی شامل ہیں۔ ان حملوں میں 180 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق حملوں میں حماس کے 15 کمانڈرز بھی شہید ہوگئے۔
فلسطین کے صدر محمودعباس نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور فلسطین بھر میں عید کی تقریبات منسوخ کردی ہیں۔ محمود عباس نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم روکنے کےلیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق دو روز میں اسرائیل کی جانب سے تقریباً 130 حملے کیے گئے ہیں۔ حملوں سے شہری آبادی اور ایک اسکول بری طرح متاثر ہوا ہے۔ یہ اسکول حماس سے منسلک این جی او الصلاح چیریٹیبل سوسائٹی کے زیر انتظام چلایا جاتا تھا۔ اس اسکول کو وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں اسکول کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
اسرائیلی طیاروں نے مشرقی غزہ میں ایک پلاسٹک فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا۔ اسرائیلی بمباری سے غزہ کی پٹی اور خان یونس میں لاتعداد گھر اور رہائشی اپارٹمنٹس مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح سے فلسطینی مسلمانوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے اور ان گھروں میں یہودیوں کو آباد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی اقدام کے خلاف احتجاج بھی جاری ہے۔
مسلمانوں کے احتجاج کے خلاف جمعۃ الوداع کے روز اسرائیلی فورسز نے مسجد الاقصیٰ میں جمعے کی نماز کے لیے موجود نمازیوں پر چڑھائی کردی، اس حملے میں متعدد نمازی زخمی ہوگئے۔ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی دہشتگردی کے بعد حماس نے مسجد الاقصیٰ سے اسرائیلی فوج کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، ساتھ ہی کہا تھا کہ اس حملے کا بدلہ لیا جائے گا۔
اس حملے کے بعد اسرائلی وزیراعظم نے دھمکی دی تھی کہ اسرائیل بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دےگا اور حملہ کرنے والوں کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ دوسری جانب غزہ کی صورتحال پر اوآئی سی کے مستقل مندوبین کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کے معاملے پرغور کیا جائے گا۔