اسرائیل کی دوسرے روز بھی غزہ پر بم باری
غزہ: سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر اسرائیل نے غزہ پر بم باری کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسرے روز بھی غزہ پر بم باری کی، جس میں متعدد عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ابھی تک فضائی حملے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بم باری اسرائیل کی نئی حکومت کی کارروائی ہے، تاہم ہم اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی بم باری کے بعد حماس کی جانب سے بھی بھاری ہتھیاروں سے اسرائیل پر فائرنگ کی گئی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس نے غزہ سے آتش گیر غبارے اسرائیل کی جانب چھوڑے، جس کے جواب میں کارروائی کی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے 11 روز تک غزہ پر مسلسل بم باری کی تھی جس کے نتیجے میں 250 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے تاہم اردن نے ثالث کا کردار ادا کرتے ہوئے حماس اور اسرائیل کے درمیان سیزفائر معاہدہ طے کروایا تھا۔