پُرعزم قوم کا ہمت اور حوصلہ ہی فتح دیتا ہے، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے تمام خطرات کے خلاف ہمیشہ مادر وطن کا دفاع کریں گے۔
27 فروری 2019 کے روز بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے کی مناسبت سے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخارنے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی مسلح افواج کے تجدید عہد کا دن ہے کہ قوم کی حمایت سے تمام خطرات کے خلاف ہمیشہ مادر وطن کا دفاع کریں گے، یہ ایک قوم کی عددی برتری نہیں بلکہ عزم و حوصلہ تھا کیونکہ پُرعزم قوم کا ہمت اور حوصلہ ہی فتح دیتا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان امن پسند ملک اور امن کے لیے کھڑا ہے، لیکن وقت آیا تو ہر چیلنج کا جواب بھرپور طاقت سے دیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ذمے دار قوم ہونے کے ناتے ہم نے پورے عزم کے ساتھ بروقت جواب دیا اور پاکستان نے پوری دنیا کو اپنے ذمے دارانہ رویے کا ثبوت دیا۔ ہم نے بھارتی پائلٹ کو واپس بھیج کر ذمے داری کا مظاہرہ کیا، ہم ہمیشہ امن کے لیے کھڑے ہیں اور ہم مذاکرات کے ذریعے تمام تنازعات کو حل کرنے کے لیے آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کا خیرمقدم کرتا ہوں۔
14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر خودکُش حملے میں 44 بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے، بھارت نے اس کا ذمے دار پاکستان کو ٹھہرایا تھا جب کہ پاکستان نے انتہائی واضح الفاظ میں ان الزامات کی تردید کی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو ’قابلِ عمل معلومات‘ فراہم کرنے کی صورت میں تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تھی اور ساتھ ہی خبردار بھی کیا تھا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔
26 فروری کو بھارت نے دعویٰ کیا کہ اس کے طیاروں نے پاکستان کی حدود میں گھس کر بالاکوٹ میں دہشت گردوں کا مبینہ کیمپ تباہ کرکے سیکڑوں دہشت گردوں کو مار دیا ہے جب کہ حقیقت یہ تھی رات کی تاریکی میں بھارتی طیارے ایک خالی جگہ پر بم پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔
بھارتی دراندازی پر پاکستان نے اس کا بھرپور اور دن کی روشنی میں جواب دینے کا عزم کیا۔ 27 فروری کو جواب دینے کے لیے پاک فضائیہ کے دو جے ایف 17 تھنڈر طیارے بھارتی حدود میں داخل ہوئے۔ بھارتی ایف 16 طیاروں نے پاکستانی طیاروں کے تعاقب میں ایل او سی پار کی اور پاکستانی شاہینوں نے 2 بھارتی طیاروں کو فضا میں ہی مار گرایا۔
پاک فوج کی جانب سے واقعے پر بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ہے۔ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا اور پاک فوج نے ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کرلیا۔
گرفتار بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن تھا، جسے پاکستان نے جذبۂ خیر سگالی کے طور پر بھارت کے حوالے کردیا تھا۔