پنڈی، اسلام آباد میں طوفانی بارشیں: ندی نالوں میں طغیانی، رین ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجادیے گئے اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں کل رات سے اب تک 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں، راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد میں نالوں کے بھرنے کے سبب متعدد راستوں پر ٹریفک کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 20 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 19 فٹ ہوگئی جب کہ دریائے سواں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے پل زیر آب آگیا۔
پنڈی میں کل رات سے اب 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے جب کہ اسلام میں سب سے زیادہ بارش آئی 12 میں 186 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجادیے گئے جب کہ ریسکیو، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
نالہ لئی، کٹاریاں اور گوالمنڈی میں انخلاء کی وارننگ جاری کردی گئی ہیں، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح بلند ہونے سے قریبی آبادی کو خطرہ ہے، شہری احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔