پی ٹی آئی کو جلسے، دھرنے کی اجازت دینے سے اسلام آباد انتظامیہ کا انکار
اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے اور دھرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے متفرق درخواست دائر کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ عمران خان کی جان کو لاحق شدید خطرات کے پیش نظر جلسے یا دھرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں حملہ ہوا۔ حملہ آور نے اپنے اعترافی بیان میں مذہبی رجحانات کا ذکر کیا ہے۔ حملہ آور کے تحریری اعترافی بیان کو بھی درخواست کا حصہ بنایا گیا ہے۔
انتظامیہ کا موقف ہے کہ حملہ آور نے اپنے اعترافی بیان میں مذہبی رجحانات کا ذکر کیا ہے۔ خدشہ ہے ایسے مذہبی جنونی ریلی میں داخل ہوکر دوبارہ ایسی حرکت کرسکتے ہیں۔ اسلام آباد میں ایسے شدت پسندانہ واقعات پہلے بھی ہوچکے، جن میں سلمان تاثیر اور شہباز بھٹی کا قتل بھی شامل ہے۔
انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ فواد چوہدری سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنما دھمکیاں دے رہے ہیں۔ سیکیورٹی ایجنسیوں کی رپورٹس ہیں کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرہ ہے۔ اس صورت حال میں پی ٹی آئی کو جلسے یا دھرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے عدالت سے پی ٹی آئی کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔