کیا ہارٹ اٹیک سے اموات کی وجہ کورونا ویکسین ہے؟

کراچی: پچھلے کافی دنوں سے عوام الناس میں افواہیں تیزی سے پھیل رہی ہیں، جس نے بے شمار لوگوں کو تشویش میں مبتلا کرڈالا ہے۔
بعض حلقے کورونا ویکسین کو ہارٹ اٹیک سے اموات کی وجہ قرار دیتے نہیں تھک رہے۔
ماہر امراض قلب پروفیسر ڈاکٹر ندیم رضوی نے کورونا ویکسین کو امراض قلب سے جوڑنے کی خبروں کو مسترد کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ندیم رضوی نے کہا نوجوانوں کی اچانک موت کی وجہ ہمیشہ شریانیں بند ہونا نہیں ہوتی، 25 فیصد وجوہ موروثی بھی ہوتی ہیں جب کہ کھلاڑیوں کی اچانک اموات بھی عموماً دیگر وجوہ سے ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال سے باہر کسی کو دل کا دورہ پڑے تو صرف 7 فیصد لوگ بچ پاتے ہیں، لیکن اگر 3 سے 5 منٹ کے اندر مریض کو اے ای ڈیز سے جھٹکے دیے جائیں تو 50 سے 70 فیصد تک جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔
ڈاکٹر ندیم رضوی نے بتایا کہ جوان لوگوں میں دل کی بیماری بڑھنے کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں اور نہ ہی ان اموات کا تعلق کورونا ویکسین سے ہے۔