عالمی دباؤ رد، ایران نے اپنے ریسلر کو پھانسی دے دی!
تہران: حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کے الزام میں گرفتار اپنے ملک کے ریسلر کو ایران نے سزائے موت دے دی۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے چیمپئن ریسلر نوید افکاری کے معاملے پر عالمی دباؤ اور اپنے شہریوں کی جانب سے ریسلر کو معاف کرنے کی درخواست کو رد کرتے ہوئے نوید افکاری کو سزائے موت دے دی۔
ایران میں 2018 میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کے الزام میں 27 سالہ ریسلر نوید افکاری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پچھلے دنوں امریکی صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کے ذریعے ایرانی حکام سے نوید افکاری کو پھانسی نہ دینے کی درخواست کی تھی۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ ایرانی حکومت نے ریسلر نوید افکاری کے اہل خانہ کو اطلاع دیے بغیر ہی انہیں پھانسی دی۔
عرب میڈیا کے مطابق نوید افکاری کی موت سے چند گھنٹے قبل ان کی جمعہ کو بھائی سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس کے بعد حکام نے ان کے اہل خانہ کے علم میں لائے بغیر ریسلر کو سزائے موت دے دی۔
ایرانی خبر رساں ادارے کی جانب سے سامنے لائی جانے والی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں نوید افکاری اپنی سزائے موت رکنے کے حوالے سے پُرامید تھے اور ان کا کہنا تھا کہ انہیں اور ان کے دو بھائیوں کو طویل قید کی سزا دی گئی ہے اور انہیں ہفتے کی صبح تہران کی جیل میں منتقل کیا جائے گا۔
ریکارڈنگ کے مطابق نوید افکاری نے کہا کہ وہ پُرسکون ہیں اور امید ہے سب بہتر ہوجائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق نوید افکاری کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ نوید افکاری کو حکام نے جعلی امید دے کر دھوکا دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ نوید افکاری کے اہل خانہ اور وکلا کو ریسلر کی پھانسی کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی جب کہ ایرانی قوانین کے تحت مجرم کو سزائے موت دینے سے 48 گھنٹے قبل اس کے اہل خانہ کو اطلاع کرنا لازمی ہے۔