علامہ اقبال کا 143 واں یوم پیدائش
لاہور: مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ کا 143 واں یوم ولادت آج منایا جارہا ہے۔
ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ کا 143 واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، فردوس عاشق اعوان ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان سمیت مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی. پاک نیوی کے دستے نے فرائض سنبھال لیے۔ اس سے قبل یہ ذمے داری پاک رینجرز کے پاس تھی۔
ولادت اقبال کے حوالے سے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیمینار، مباحثوں اور اسکولوں و کالجوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا، ریڈیو، ٹی وی پر خصوصی پروگرام نشر و ٹیلی کاسٹ ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ اقبال کی سالگرہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے محسن تھے، جنہوں نے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا، وہ بڑے مفکر تھے جنہوں نے اپنی تحریروں اور شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا، انہوں نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ قوم حضرت علامہ اقبال کو آج کے دن زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے، وہ ایک تاریخ ساز شاعر، عظیم فلسفی اور مفکر تھے، خودی کا ولولہ انگیز پیغام دے کر دوسروں پر انحصار کے بجائے نوجوان نسل کو اپنی دنیا آپ پیدا کرنے کا حکیمانہ درس دیا۔