پی ٹی آئی کارکن اسلحے کیساتھ حملہ آور ہونے اسلام آباد آرہے ہیں، وزیر داخلہ
اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اسلحے کے ساتھ حملہ آور ہونے آرہے ہیں۔
ڈی چوک اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا، کسی کو بھی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، کل بھی ہم نے درخواست کی تھی کہ ابھی جلسے جلوس یا احتجاج نہ کریں، اسلام آباد کے شہریوں سے تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا، ہماری جتنی بھی فورس ہے ان میں کسی کے پاس گن نہیں ہے، ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھ سکتے ہیں کہ جو لوگ آرہے ہیں ان کے پاس اسلحہ ہے۔
ان کا کہنا تھا، وزیراعلیٰ کے پی پاکستانی ہیں، انہیں سوچنا چاہیے کہ کیا کررہے ہیں، ان کے پاس پورا کے پی صوبہ ہے، جہاں مرضی ہو اس شہر میں احتجاج کرلیں، احتجاج کرنا ان کا حق ہے لیکن یہ طریقہ کار ٹھیک نہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا میں بالکل کلیئر ہوں کہ وہ اسلام آباد پر دھاوا بول رہے ہیں، ہم نے اپنے غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت کے لیے انتظامات کیے ہیں، باہر سے آئے مہمانوں کی سیکیورٹی اہم ہے، باہر سے آئے مہمانوں کی سیکیورٹی کے لیے کچھ ایکسٹرا اقدامات کرنے پڑے۔
دھیان رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ اگر اکیلا ہی جانا پڑا تو بھی ڈی چوک پہنچوں گا۔