انجرڈ اوپنر صائم ایوب علاج کے لیے لندن روانہ

کیپ ٹائون: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب علاج کے لیے کیپ ٹاؤن سے لندن روانہ ہوگئے۔
اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی صائم ایوب کے ساتھ ہیں، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی ہدایت پر انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھو ڈاکٹرز کل صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ صائم ایوب پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے، صائم ایوب کی مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کی صحت کے حوالے سے مسلسل ڈاکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں۔
اس سے قبل محسن نقوی اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے صائم ایوب کو فون کرکے ان کی خیریت بھی معلوم کی تھی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے اوپنر صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب 6 ہفتے تک کرکٹ سے باہر ہوگئے ہیں، صائم ایوب کو یہ فریکچر جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کرتے ہوئے ہوا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔