منہ توڑ جواب دیا، ایل او سی پر 50 بھارتی فوجی مارے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کا پورا بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا، 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، پاکستان نے 25 ڈرونز تباہ کیے ہیں جن میں سے کچھ جام کرکے اور کچھ کو ہٹ کرکے تباہ کیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ اپوزیشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ ان کی وجہ سے دنیا کو پیغام گیا کہ ہم ایک ہیں، دشمن نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، بھارت جسے رافیل طیاروں پر بڑا ناز تھا کہ پتا نہیں پاکستان کا کیا کردیں گے مگر جس ارادے سے پاکستان کی طرف دیکھ رہے اس میں ان کو ہزیمت اور شرمندگی ہوئی، اب بھارت نے خفت مٹانے کے لیے حکمت عملی تبدیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن آپ کے خلاف بہترین ٹیکنالوجی لاتا ہے، یہ سمجھتے تھے کہ خدانخواستہ پاکستان کا بہت نقصان کردیں گے مگر افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا ہے، یہ رافیل طیارے نہیں گرے بلکہ بھارت کا غرور اور ناز گرا ہے، پہلی دفعہ چائے پلائی تھی اس دفعہ بھی چائے تیار تھی مگر دشمن بھاگ گیا اس لیے ہوم ڈیلیوری کی ہے، ہم اپنے شاہینوں کا اس ایوان سے سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے ڈرون حملے پاکستان پر کیے ہیں، بھارتی ڈرونز میں اسرائیلی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، بھارتی ڈرونز کو رافیل طیاروں کی طرح جدید سمجھیں، پاکستان نے پچیس ڈرونز تباہ کیے ہیں جن میں سے کچھ جام کرکے اور کچھ کو ہٹ کرکے تباہ کیا، بھارت کو ایل او سی پر شدید نقصان پہنچا ہے، پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کا پورا بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا، ایل او سی پر 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک کیے ہیں، جب بھارتی چوکیوں پر سفید پرچم لہرائے گئے تو پاکستان کی فتح کا اعلان کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا اپنا ڈرون سکھوں کے گوردوارہ میں گرا ہے، بھارت کا مقصد سکھوں کو پاکستان کے خلاف کرنا ہے، پاکستان نے بھارت کو جواب دیا ہے اور دے بھی رہا ہے، بھارت نے آغاز کردیا ہے اب وقت جگہ اور ٹارگٹ کا تعین ہم کریں گے، قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ جو بھی فیصلہ لے، جنگ بھارت نے شروع کی ختم ہم کریں گے، بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا، جواب جلدبازی میں نہیں سوچ سمجھ پلاننگ کے ساتھ دیں گے۔