پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، 15 سے زائد خوارج ہلاک و زخمی

راولپنڈی: پاکستان میں دراندازی کی کوشش میں 15 سے زائد خوارج اور افغان طالبان ہلاک و زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق 27, 28 دسمبر کی شب فتنۃ الخوارج کے 20سے 25 دہشت گردوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے کُرم اور شمالی وزیرستان میں 2مقامات سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، جس پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔
28 دسمبر کی علی الصبح خوارج نے دوبارہ افغان طالبان کی پوسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی اور ناکام ہونے پر 28 دسمبر کی علی الصبح خوارج اور افغان طالبان نے مل کر پاکستانی پوسٹوں پر بِلااشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائر کھول دیا۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اس بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق افغانستان سائیڈ پر بھاری نقصانات کی ابتدائی اطلاعات ملی ہیں۔ مؤثر جوابی فائر سے 15 سے زائد خوارج اور افغان طالبان کے ہلاک ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔ موثر جوابی کارروائی اور گولا باری سے افغان طالبان 6 پوسٹیں چھوڑ کر بھی بھاگ گئے۔ افغان سائیڈ پر نقصانات مزید بڑھنے کی بھی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہ ہونے اور صرف 3 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بارہا عبوری افغان حکومت سے فتنۃ الخوارج کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے کا کہا ہے، جس پر بجائے فتنۃ الخوارج کو کنٹرول کرنے کے اور ان دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کرنے کے، افغان طالبان فتنۃ الخوارج کی مسلسل معاونت کررہے ہیں۔
فتنۃ الخوارج افغانستان میں پوری آزادی کے ساتھ موجود ہیں اور پاکستان مخالف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے افغان سرزمین کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کسی بھی طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔