انڈونیشیا میں زلزلے کی تباہ کاریاں: 34 افراد ہلاک، 6 سو زخمی!
جکارتہ: انڈونیشین جزیرے سولاویسی میں 6.2 شدت کے زلزلے سے درجنوں عمارتیں زمیں بوس ہوگئیں جب کہ 34 افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کا مرکز مازن شہر سے شمال مشرق میں 6 کلومیٹر کی دُوری پر تھا جب کہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
خوف ناک زلزلے میں درجنوں رہائشی عمارتیں زمیں بوس ہوگئیں، جس میں سیکڑوں افراد دب گئے۔ امدادی کاموں کے دوران ریسکیو اداروں نے 34 لاشیں نکالی ہیں جب کہ 600 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 600 سے زائد زخمیوں میں سے 18 کی حالت نازک ہے جب کہ 200 سے زائد زخمیوں کو اسپتال داخل کرلیا گیا ہے اور باقی کو معمولی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں ماموجو کے علاقے میں ہوئیں جہاں 26 لوگ اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے جب کہ دیگر ہلاکتیں سولاویسی کے مغربی علاقوں میں ہوئی ہیں۔ کئی سڑکیں اور دو پلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے زلزلے کے فوری بعد سونامی کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا، جس کے بعد ہزاروں لوگوں کو پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کیا گیا جب کہ متاثرہ افراد کے لیے ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور بلاجواز گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے جب کہ ماہی گیروں کو سمندر سے پہلے واپس بلالیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ انڈونیشیا کے اسی جزیرے سولاویسی میں 2 اکتوبر 2018 میں بھی زلزلہ اور خوف ناک سونامی میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 5 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔