بھارت: نازیبا سلوک پر مس انگلینڈ مس ورلڈ مقابلہ چھوڑ کر چلی گئیں

حیدرآباد دکن: مس انگلینڈ 2024 مِلا میگی نے بھارت میں ہونے والے مس ورلڈ مقابلے سے اچانک علیحدگی اختیار کرلی۔
برطانوی اخبار دی سن کے مطابق مِلا میگی نے مقابلے کے منتظمین پر الزام لگایا کہ انہوں نے انہیں پرفارمنگ منکی کی طرح پیش کیا اور تقریب کے دوران انہیں ایسا محسوس کروایا گیا جیسے وہ جسم فروش ہوں۔
دھیان رہے کہ یہ مس ورلڈ مقابلے کی 74 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ جب کسی مس انگلینڈ نے مقابلے کے دوران اس سے علیحدگی اختیار کی ہو۔
مِلا میگی نے بتایا کہ 7 مئی کو بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک تشہیری تقریب کے دوران ان سے کہا گیا کہ وہ شو کی مالی معاونت کرنے والے کاروباری افراد کے شکریے کے طور پر ان کے ساتھ بیٹھیں اور انہیں خوش رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگا جیسے ہمیں لوگوں کی خوشنودی کے لیے استعمال کیا جارہا ہو، میں مس ورلڈ میں اس لیے نہیں آئی کہ کسی کی تفریح کا ذریعہ بنوں یہ مقابلہ اپنے ہی دعوؤں سے انحراف کررہا ہے، انہوں نے مجھے ایک جسم فروش جیسا محسوس کروایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب انہوں نے تقریب میں موجود افراد سے اپنے سماجی مقاصد پر بات کرنی چاہی تو انہوں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا۔
مِلا میگی 16 مئی کو مقابلہ چھوڑ کر برطانیہ واپس چلی گئیں اور اب ان کی جگہ رنر اپ مس انگلینڈ اور موجودہ مس لیورپول شارلٹ گرانٹ مقابلے میں حصہ لیں گی۔
مس انگلینڈ کی ڈائریکٹر اینجی بیسلے نے مِلا میگی کی واپسی کو ذاتی وجوہ پر مبنی قرار دیا۔
دوسری جانب مس ورلڈ مقابلوں کی سی ای او جولیا مورلی نے ملا میگی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ملا میگی نے اپنی والدہ کی خراب صحت کے باعث مقابلے سے دستبردار ہونے کی درخواست کی تھی۔
دھیان رہے کہ بھارتی شہر حیدرآباد میں مس ورلڈ 2025 مقابلے جاری ہیں جب کہ مقابلے کا گرینڈ فائنل 31 مئی کو ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔