بھارت نے کرتار پور راہداری سے یاتریوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی
لاھور:کرتار پور میں بابا گورو نانک کی 482 ویں برسی جوتی جوت کی 3 روزہ تقریبات کے دوسرے روز بھی یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، تاہم بھارت نے کرتار پور راہداری کے ذریعے یاتریوں کو آنے کی اجازت نہیں دی ہے۔
دربار صاحب کرتار پور میں بابا گورو نانک کی برسی کے دوسرے روز بھی سکھ یاتریوں کی آمد جاری ہے، پہلی بار نگر کیرتن جلوس کے لیے خصوصی نئی بس تیار کی گئی ہے جس میں لاؤڈ اسپیکر اور دیگر سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔
صدر پربندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ کا کہنا ہے کہ آج سہ پہر نگر کیرتن بس میں پالکی رکھ کر یاتری جلوس کی شکل میں زیرو پوائنٹ بارڈر ٹرمینل تک جائیں گے، جہاں سرحد پار بھارتی یاتری بھی ڈیرہ بابا نانک سے نگر کیرتن جلوس کی رسومات میں شرکت کر سکیں گے۔
یاتریوں کو سخت سیکیورٹی چیکنگ کے بعد کورونا وائرس کی ایس اوپیز پر عمل کروایا جا رہا ہے۔