بھارت: شدید بارشوں کے باعث دو فوجیوں سمیت 22 افراد ہلاک
نئی دہلی: بھارت میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی دیکھنے میں آئی ہے، سیلابی ریلے میں دو فوجی بھی بہہ گئے جب کہ مجموعی طور پر ہلاکتیں 22 ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شمالی علاقوں میں گزشتہ 3 دنوں سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا۔
راجستھان میں 4، اترپردیش میں 2، ہماچل میں 3 اور پنجاب میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ دارالحکومت میں بارشوں کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں 5 سے زائد ہلاکتیں ہوئیں جب کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فوج کے دو اہلکار بھی بارش کے پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔ دونوں کی لاشیں مل گئیں۔
دارالحکومت سمیت ہریانہ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، راجستھان، پنجاب اور جموں و کشمیر سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں اور ذرائع آمدورفت معطل ہوکر رہ گئے۔ تیز ہواؤں نے ہورڈنگز اور درختوں کو جڑ سے اکھاڑ کر رکھ دیا۔ گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں۔
محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش کے 7 اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے شملہ، سرمور، لاہول اور سپتی، چمبہ اور سولن میں کئی سڑکیں بند ہوگئیں۔