کراچی میں عمر شریف کے ماں اسپتال کا افتتاح

کراچی: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف مرحوم کے بنائے اسپتال ماں کا گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں افتتاح کردیا۔
ایشیا کی سب سے بڑی کچی آبادی کہلانے والے علاقے اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر ساڑھے گیارہ میں ماں اسپتال کا افتتاح کیا گیا اور گورنر سندھ نے اسپتال کا معائنہ بھی کیا۔
تقریب سے خطاب میں کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ 75 سال بعد بھی اسی بحث میں الجھے ہیں کہ ملک آگے کیسے بڑھے گا، جب تک گلی محلے بہتر نہیں ہوں گے ملک اچھا نہیں ہوسکتا، سب نے اپنے محلے بانٹ لیے اس لیے قوم تقسیم ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ دوماہ ہوچکے اختیار کا رونا نہیں رؤں گا، کام کرنے کی نیت اور ارادہ چاہیے، ہر رکن قومی اسمبلی کے لیے 50 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے اور نگرانی خود کروں گا اور ہر علاقے کا پیسہ اسی علاقے پر خرچ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فخر پاکستان عمرشریف نے ماں اسپتال کے لیے بہت محنت کی، جب ریاستیں فلاحی کام نہیں کرتیں تو عوام کو ذمے داری اٹھانا پڑتی ہے۔
عمر شریف کی بیوہ زرین غزل کا کہنا تھا کہ عمر شریف اسپتال والدہ کے نام سے بناسکتے تھے مگر انہوں نے اس کا نام ماں اسپتال رکھا، 2016 میں اسپتال مکمل ہوگیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔