عمران عباس کی بھارتی پنجابی لڑکی سے عشق پر مبنی فلم کب ریلیز ہوگی
لاہور: پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکار عمران عباس کی بھارتی پنجابی فلم جی وے سوہنیا جی کا ٹریلر ریلیز ہوگیا۔
عمران عباس نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی بھارتی پنجابی فلم جی وے سوہنیا جی کا ٹریلر جاری کیا، اس فلم میں عمران عباس کو پاکستانی پنجابی لڑکے کے کردار میں دکھایا گیا ہے جو بھارتی پنجابی لڑکی سے محبت کر بیٹھتا ہے۔
فلم جی وے سوہنیا جی میں تقسیم ہند کی وجہ سے پنجاب کو دو حصوں میں تقسیم ہونے کی کہانی دکھائی گئی ہے، اس کے علاوہ واہگہ بارڈر سمیت پاکستانی اور بھارتی پنجاب کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔
اس فلم میں عمران عباس کے علاوہ تمام بھارتی اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے جن میں سمی چاہل، منتو کاپا، اڈایا وکاتی، امن بال اور سوارج سندھو سمیت دیگر شامل ہیں۔
عمران عباس نے اپنی اس بھارتی پنجابی فلم کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ یہ فلم میرے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے، یہ دو پنجابوں اور ان کے لوگوں کو مزید قریب لانے کی مخلصانہ کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فلم میری اور میری ٹیم کی طرف سے ان تمام لوگوں کے لیے تحفہ ہے جو تمام رکاوٹوں کو توڑنے والی محبت کرنے پر یقین رکھتے ہیں، محبت ہمارے رب کی طرف سے ہمیں عطا کی گئی سب سے بڑی نعمت ہے۔
عمران عباس نے کہا کہ ہم سب مل کر معاشرے میں تبدیلی لاسکتے اور نفرت کے اس کلچر کو ختم کرسکتے ہیں کیونکہ پہلے ہی اس نفرت کی وجہ سے انسانیت کو بہت زیادہ نقصان پہنچ چکا ہے۔
عمران عباس نے مزید کہا کہ یہ فلم 16 فروری کو ریلیز ہوگی، آپ سے گزارش ہے کہ سنیما گھروں میں جائیں اور یہ فلم لازمی دیکھیں۔