چین اور پاکستان کے وزرائے اعظم کے درمیان اہم ملاقات

بیجنگ: چینی ہم منصب لی چیانگ سے وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔
چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے گریٹ ہال آف دی پیپل میں وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔ گریٹ ہال آف دی پیپل پہنچنے پر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب ہوئی اور پیپلز لبریشن آرمی کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک چین آل ویدر اسٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ جو باہمی اعتماد اور مشترکہ اصولوں پر مبنی ہے، وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہورہی ہے۔
ملاقات میں اہم معاملات پر غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا اور خصوصی اقتصادی زونز پر خصوصی توجہ کے ساتھ تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پرزور دیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم لی نے شہباز شریف کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعظم لی چیانگ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی وژن، فلم، ٹرانسپورٹ، انفرا اسٹرکچر، صنعت، توانائی، زراعت، صحت، سماجی، اقتصادی ترقی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم لی چیانگ نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔