تنقید کریں گالیاں تو نہ دیں، عفت عمر کا شوبز چھوڑنے کا اعلان
کراچی: سینئر اداکارہ اور ماڈل عفت عمر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان پر کڑی تنقید کرنے والی اداکارہ و میزبان عفت عمر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا ہے۔
انہوں نے لوگوں کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کو دی گئی گالیوں کو شوبز چھوڑنے کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ تنقید کریں، میری رائے سے اتفاق نہیں کرتے تو مجھ سے بحث کریں لیکن میاں صاحب اور بیٹی کو گالیاں نہ دیں۔
عفت نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ ہم سب ہی ملک کی اچھائی چاہتے ہیں، مجھے لگتا ہے فلاں بہتر ملک سنبھالیں گے آپ کو لگتا ہے فلاں، بیچ میں گالیاں کیوں دیتے ہیں، آپ مجھ پر تنقید کریں مجھ سے بحث کریں اور لاجک پر بات کریں میں شاید آپ کو اس کا جواب دے دوں گی۔
عفت عمر نے مزید کہا کہ گالیاں دینے سے آپ اپنی تربیت ظاہر کر رہے ہیں اپنے ماں باپ اور اپنے لیڈر کا نام خراب کر رہے ہیں، گالیاں دینے سے آپ کو کیا مل جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ عفت عمر نے پی ٹی آئی کی سپورٹر ہونے کا انکشاف کیا تھا جبکہ عفت عمر کو عمران خان کے خلاف بیانات اور ن لیگ اور مریم نواز کی حمایت کرنے کی وجہ سے آئے دن سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جس پر دل برداشتہ ہوکر انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔