کیسز میں کمی، تعاون جاری رہا تو کورونا پر جلد قابو پالیں گے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: سندھ میں صوبائی حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق پابندیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، اب کیسز کم ہورہے ہیں، اگر یہ تعاون جاری رہا تو جلد صورت حال پر قابو پالیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گذشتہ روز 22 ہزار 43 ٹیسٹ کیے گئے جو ایک ریکارڈ ہے، 22043 ٹیسٹ کے نتیجے میں 1293 کیسز سامنے آئے، جو 5.9 فیصد شرح ہے، سختی کرنے سے کیسز کی شرح کم ہوئی ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگرعوام نے تعاون جاری رکھا تو وبا کے پھیلاؤ کو روک سکیں گے، کل 24 اموات رپورٹ ہوئیں جو پریشان کُن بات ہے۔
اس وقت کراچی کے کیسز کی شرح 8.34 فیصد ہے، حیدرآباد میں کیسز کی شرح 4.42 فیصد اور دیگر اضلاع میں 3.3 فیصد ہے، 20 مئی کو کراچی میں 12.86 فیصد اور حیدرآباد میں 11 فیصد شرح تھی۔
عید کے بعد کیسز 8.63 فیصد تھے اور اموات 1.18 فیصد تھیں، عید کے بعد دوسرے ہفتے کیسز 6.8 فیصد اور 0.90 اموات تھیں، صرف مئی میں کورونا سے 307 مریض انتقال کرگئے ہیں۔
صوبائی ٹاسک فورس اجلاس میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اب کیسز کم ہورہےہیں، اگر یہ تعاون جاری رہا تو جلد صورت حال پر قابو پالیں گے۔