اُن تمام لوگوں کو معاف کرتی ہوں، جنہوں نے تکلیف پہنچائی، علیزے شاہ

کراچی: معروف اداکارہ علیزے شاہ نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے اور ماضی کی تلخیوں کو بھلا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک جذباتی پیغام میں اداکارہ نے اعلان کیا کہ وہ ان تمام لوگوں کو معاف کررہی ہیں جنہوں نے انہیں تکلیف پہنچائی۔
انسٹاگرام پر 43 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والی اداکارہ ماضی میں کئی تنازعات کی وجہ سے خبروں میں رہی ہیں۔ ان کا نام مختلف مواقع پر شوبز شخصیات اور میڈیا سے وابستہ افراد کے ساتھ اختلافات کے باعث زیرِ بحث آتا رہا، تاہم اب انہوں نے اس تمام مرحلے کو پیچھے چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے۔
علیزے شاہ نے اعتراف کیا کہ گزشتہ سال ان کی زندگی کا سب سے مشکل دور تھا۔ انہوں نے لکھا کہ وہ خود کو روحانی طور پر کمزور اور بھٹکا ہوا محسوس کرتی تھیں، لیکن اس سال بالخصوص رمضان کے بابرکت مہینے میں انہوں نے ایک نیا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
علیزے کے مطابق وہ اپنے دل کو نرم کرنا چاہتی ہیں اور سکونِ قلب کے لیے سب کو معاف کررہی ہیں، چاہے وہ لوگ اس کے مستحق ہوں یا نہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ سے معافی کی طلب گار ہیں اور امید رکھتی ہیں کہ جس طرح وہ دوسروں کو معاف کرنا سیکھ رہی ہیں، اسی طرح انہیں بھی بخش دیا جائے گا۔ علیزے شاہ نے اس مشکل وقت میں اپنے والدین کے صبر اور حوصلے کو بھی اپنی طاقت قرار دیا۔
علیزے نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ بعض اوقات انسان کو اپنی غلطیوں کا احساس ہوتا ہے مگر غرور اسے سچ قبول کرنے سے روک دیتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ خود اپنی کہانی کا منفی کردار بن جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو نصیحت کی کہ پچھتاوے کو توبہ پر غالب نہ آنے دیں اور جب بھی احساس ہو، فوراً لوٹ آئیں اور دوسروں کو معاف کردیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے علیزے شاہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ذہنی سکون اور مثبت زندگی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔