ہالی وُڈ اداکارہ کرسٹن اسٹیورٹ نے ساتھی اداکارہ سے شادی کرلی

لاس اینجلس: ہالی وُڈ کی مشہور فلم سیریز ٹوائلائٹ کی اسٹار اداکارہ کرسٹن اسٹیورٹ نے اپنی ہم جنس پرست ساتھی اداکارہ ڈیلن میئر سے شادی کرلی۔
اداکارہ کرسٹن اسٹیورٹ اپنی گرل فرینڈ پارٹنر ڈیلن میئر کے ساتھ 21 اپریل کو ایک نجی تقریب میں ایسٹر کے موقع پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ یہ تقریب لاس اینجلس، کیلیفورنیا میں واقع ان کے گھر پر منعقد ہوئی، جس میں قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 35 سالہ کرسٹن اسٹیورٹ اور ڈیلن میئر کئی سال سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہی تھیں۔ جوڑے نے حال ہی میں لاس اینجلس کاؤنٹی سے شادی کا لائسنس حاصل کیا تھا، جس کے بعد ویک اینڈ پر انہوں نے باضابطہ طور پر شادی کرلی۔
کرسٹن اور ڈیلن میئر کی پہلی ملاقات 2013 میں ایک فلم کے سیٹ پر ہوئی تھی جس کے بعد وہ دوست بن گئیں۔ ان دونوں ہالی وُڈ اداکاراؤں نے 2019 میں باقاعدہ ڈیٹنگ شروع کی تھی جب کہ تین سال کے تعلق کے بعد، 2021 میں ان کی منگنی ہوئی تھی۔