اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی، انڈیکس ایک لاکھ 61 ہزار سے تجاوز کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروبار کے دوران زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جہاں ہنڈرڈ انڈیکس 1901 پوائنٹس کے غیر معمولی اضافے کے ساتھ 161,181 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز، دن کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور بڑے پیمانے پر خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ ایک موقع پر 100 انڈیکس میں 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو بعد میں مزید بڑھ کر 1901 پوائنٹس تک جا پہنچا۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق اس تیزی کی اہم وجوہ میں اسٹیٹ بینک کی مالیاتی پالیسی میں استحکام، آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب پیش رفت اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، معاشی اشاریے بہتری کی جانب اشارہ کر رہے ہیں جس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال 2025 میں PSX 100 انڈیکس 39 فیصد اضافہ ظاہر کر چکا ہے، جبکہ گزشتہ ایک سال میں انڈیکس میں مجموعی طور پر 96 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، جو سرمایہ کاروں کے لیے ایک شاندار واپسی کو ظاہر کرتا ہے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ مزید بلندیوں کو چھو سکتی ہے، جس کا مثبت اثر معیشت کے دیگر شعبوں پر بھی مرتب ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔